لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔۔۔

پیپر لیس کورٹ ورک ہمارا مستقبل ہے: جسٹس علی باقر نجفی

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی بیٹا موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائٹ کا افتتاح کردیا۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پہنچنے پر بار کے صدر ایڈووکیٹ طاہر نصراللہ وڑائچ اور سیکرٹری بیرسٹر ہارون دوگل سمیت دیگر عہدیداروں نے جسٹس علی باقر نجفی کا استقبال کیا۔جسٹس علی باقر نجفی نے ہائیکورٹ بار کی لائبریری میں آئی ٹی اور ویب ہوسٹنگ سیکشن کا افتتاح بھی کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس علی باقر نجفی کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کی ویب سائٹ اور ایپلیکیشن کی لانچنگ پر پوری بار مبارکباد کی مستحق ہے۔ بار کی جانب سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ موبائل ایپلیکشن اور ویب سائٹ کے اجراءسے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ وکلاءکےلئے آئی ٹی پر عبور حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔لاہور ہائیکورٹ بار نے سالوں کا سفر آج طے کر لیا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وباءکے دوران آئی ٹی کے استعمال میں اضافہ ہوا اور اسکی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ادارہ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے۔لاہور ہائیکورٹ بار کا یہ اقدام عدالت عالیہ کے بہت سارے اقدامات کی تائید ثابت ہوگا۔فاضل جج نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ پیپر لیس فیوچر کی جانب گامزن ہے اور انشاءاللہ بار کی معاونت سے ہم بہت جلد یہ سنگ میل عبور کر لیں گے۔ انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے آئی ٹی کے مستقبل کے منصوبہ جات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں دنیا کے شانہ بشانہ چلنا ہے ، اس لئے ہم الیکٹرانک کیس فائلنگ اور ریموٹ ہیرنگ پر بھی کام کررہے ہیں۔بلاشبہ یہ ایک لمبا پراسس ہے لیکن ہم نے اس پر کام کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں کراچی کا دورہ کیا اور سندھ ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک ویری فیکیشن کے ذریعے کیس فائلنگ دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ فاضل جج نے کہا کہ ہمارا خواب ہے کہ ایک وقت آئے گا کہ ہمارا موبائل مکمل کورٹ ہوگا،جس کے ذریعے مقدمات کی ای فائلنگ ہو سکے گی، جس پر ریموٹ ہیرنگ ہو سکے گی اور جس کے ذریعے وکلاءعدالتی فیصلے بھی حاصل کر سکیں گے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار کے فنانس سیکرٹری ایڈووکیٹ ذیشان سلہریا نے ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کے فیچرز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن سے وکلاءکو بہت آسانی ہوگی اوروکلاءکا کام مینوئل ورک سے ڈیجیٹلائزیشن پر ٹرانسفر ہو جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے جسٹس علی باقر نجفی کو اعزازی شیلڈ سے بھی پیش کی گئی۔۔۔

Leave A Comment